نجی شعبے کی شراکت داری کے بغیر معاشی ترقی ناممکن، غیر دستاویزی معیشت کو ہر صورت ٹیکس نیٹ میں لائیں گے؛وزیراعظم کا صنعتکاروں کو دوٹوک پیغام

02:35 PM, 3 Jun, 2026

اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ سے قبل معاشی پالیسیوں کو حتمی شکل دینے کے لیے ملک کے معروف صنعت کاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات سے اعلیٰ سطح کی مشاورتی ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ ملک کی مجموعی معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے نجی شعبے اور حکومت کے درمیان مضبوط شراکت داری ناگزیر ہے، تاہم ملکی بقا کے لیے اب غیر رسمی معیشت کو ٹیکس نیٹ کے دائرے میں لانا ہوگا تاکہ ٹیکس بیس کو وسیع کیا جا سکے۔
 وزیراعظم نے صنعت کاروں کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت آئندہ بجٹ میں ایسے دور رس اقدامات شامل کر رہی ہے جس سے عام آدمی اور غریب طبقے کو براہِ راست ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے لیے پالیسی سازی میں کاروباری برادری کی رائے اور تجاویز انتہائی اہمیت کی حامل ہیں، اور بجٹ کو تاجر دوست بنانے کے لیے ان کی سفارشات پر پورا غور کیا جائے گا۔سخت معاشی حالات اور چیلنجز کے باوجود صنعتی پہیہ چلانے اور حکومت کا ساتھ دینے پر وزیراعظم نے ملک کی تاجر برادری کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وفد کو بتایا کہ حکومت نجی شعبے کو سہولیات فراہم کرنے اور سرمایہ کاری کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستاویزی معیشت کا فروغ اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہی پاکستان کے روشن معاشی مستقبل کی واحد ضمانت ہے۔

مزیدخبریں