ٹک ٹاک کے بانی امبانی کو پیچھے چھوڑ کر ایشیا کے دوسرے امیر ترین فرد بن گئے

07:08 PM, 3 Jun, 2026

بیجنگ: ٹک ٹاک کی مالک کمپنی بائیٹ ڈانس کے بانی زینگ یامنگ نے بھارت کے معروف صنعتکار مکیش امبانی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایشیا کے دوسرے امیر ترین شخص کا درجہ حاصل کر لیا ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق زینگ یامنگ کی دولت میں یہ نمایاں اضافہ بائیٹ ڈانس کے حصص کی قدر میں تیزی اور کمپنی کے مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں تیزی سے ہونے والی پیش رفت کے باعث سامنے آیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صرف ایک ہی دن میں ان کی دولت میں 24.1 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد ان کے مجموعی اثاثے 92.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ رواں سال اب تک ان کی مجموعی دولت میں 27.7 ارب ڈالر کا اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ وہ دنیا کے 21ویں امیر ترین شخص بھی قرار دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کی دولت میں رواں سال 20.8 ارب ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد ان کے اثاثے 86.9 ارب ڈالر رہ گئے ہیں اور وہ ایشیا کے تیسرے اور دنیا کے 25ویں امیر ترین شخص کے طور پر موجود ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بھارت کے گوتم اڈانی 117 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ ایشیا کے امیر ترین اور دنیا کے 17ویں امیر ترین شخص ہیں۔

بائیٹ ڈانس کا مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ "ڈوباؤ" تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور اس کے صارفین کی تعداد 30 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جسے کمپنی کی حالیہ کامیابیوں میں اہم عامل قرار دیا جا رہا ہے۔

زینگ یامنگ نے 2012 میں بائیٹ ڈانس کی بنیاد رکھی تھی، جو آج ٹک ٹاک سمیت مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔

مزیدخبریں