اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں افراط زر میں مسلسل کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومتی معاشی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ "یہ ایک انتہائی خوش آئند خبر ہے کہ فروری 2025 میں افراط زر کی شرح 1.5 فیصد تک آ گئی ہے، جبکہ جولائی 2024 سے فروری 2025 تک اس کی اوسط 5.9 فیصد رہی۔"
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں افراط زر کی اوسط شرح 28 فیصد تھی، جو کہ اب نمایاں حد تک کم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہتری مستعد ٹیم ورک اور موثر حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ "معاشی اشاریے ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر ہو رہے ہیں، اور میکرو اکنامک استحکام کے اثرات عوام تک پہنچنا شروع ہو چکے ہیں۔"
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ افراط زر میں مزید کمی کے لیے حکومت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ عوام کو ضروری اشیاء ارزاں نرخوں پر فراہم کی جا سکیں۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں افراط زر مزید کم ہوگا، جس سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔