بیجنگ: چینی ٹیکنالوجی کمپنی نے 2 منفرد کانسیپٹ لیپ ٹاپس متعارف کرائے ہیں، جن میں سے ایک کو سولر پاور سے چارج کیا جا سکتا ہے جبکہ دوسرا فولڈ ایبل اسکرین کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
فولڈ ایبل اسکرین والا تھنک بک فلپ لیپ ٹاپ
کمپنی نے "تھنک بک فلپ" نامی لیپ ٹاپ متعارف کرایا ہے، جس کی اسکرین مکمل ان فولڈ ہونے پر 18 انچ تک پھیل جاتی ہے۔ اسے درمیان سے فولڈ کرکے دو الگ اسکرینوں میں بھی تقسیم کیا جا سکتا ہے، جس میں سے ایک فرنٹ پر اور دوسری پشت پر چلی جاتی ہے۔ مزید یہ کہ اسے مکمل فولڈ کرکے ٹیبلیٹ کی طرح بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
سورج کی روشنی سے چارج ہونے والا "یوگا سولر" لیپ ٹاپ
دوسرا کانسیپٹ لیپ ٹاپ "یوگا سولر" ہے، جو سولر پینلز سے لیس ہے اور سورج کی روشنی کو جذب کرکے چارج ہو سکتا ہے۔ اگرچہ یہ لیپ ٹاپ زیادہ تر روایتی چارجر پر کام کرے گا، لیکن سولر پاور اس وقت مددگار ثابت ہوگی جب صارف کے اردگرد چارجنگ پوائنٹ نہ ہو۔
عام روشنی سے بھی بیٹری لائف میں اضافہ
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ "یوگا سولر" عام روشنی کو بھی جذب کرکے بیٹری کی مدت میں ایک گھنٹے تک کا اضافہ کر سکتا ہے۔
عام صارفین کے لیے کب دستیاب ہوگا؟
یہ دونوں لیپ ٹاپ فی الحال کانسیپٹ ماڈلز ہیں اور عام افراد کے لیے دستیاب نہیں، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ مستقبل میں فولڈ ایبل اسکرین لیپ ٹاپ کو مارکیٹ میں لانے کے لیے مزید کام کرنا ہوگا۔
یہ پہلی بار نہیں کہ کمپنی نے منفرد لیپ ٹاپ پیش کیا ہو، اس سے قبل بھی رول ایبل لیپ ٹاپ متعارف کرایا گیا تھا، جس کی اسکرین اوپر کی جانب کھلتی تھی۔