ایران کے حملوں میں 6 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق، خلیج عمان میں تمام ایرانی بحری جہاز تباہ

09:07 AM, 3 Mar, 2026

واشنگٹن: امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ خطے میں ایرانی حملوں کے نتیجے میں 6 امریکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس اعلان کے ساتھ ہی امریکہ نے خلیج عمان میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے تمام ایرانی بحری بیڑے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
سینٹ کام کے مطابق، ہلاک ہونے والے فوجیوں میں وہ 2 اہلکار بھی شامل ہیں جو ابتدائی حملوں کے بعد سے لاپتہ تھے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان لاپتہ فوجیوں کی باقیات اس تباہ شدہ تنصیب سے برآمد کر لی گئی ہیں جسے ایران نے نشانہ بنایا تھا۔ فوجی پروٹوکول کے تحت ہلاک شدگان کی شناخت لواحقین کو مطلع کرنے کے 24 گھنٹے بعد ظاہر کی جائے گی۔
 امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران خلیج عمان میں موجود تمام 11 ایرانی بحری جہازوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ  دو دن پہلے خلیج عمان میں 11 ایرانی جہاز تھے، اب وہاں ان کی تعداد صفر ہے۔ ایران کے وہ دن لد گئے جب وہ عالمی بحری راستوں میں جہازوں کو ہراساں کیا کرتا تھا۔
امریکی حکام نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندری راستوں کی آزادی گزشتہ 80 برسوں سے عالمی معاشی خوشحالی کی ضامن رہی ہے اور امریکی افواج ہر قیمت پر ان کا دفاع جاری رکھیں گی۔ خطے میں اس وقت اہم جنگی کارروائیاں تاحال جاری ہیں جس سے تناؤ میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

مزیدخبریں