منامہ/تہران : مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے بادل مزید گہرے ہو گئے ہیں۔ ایران کی جانب سے بحرین میں قائم امریکی فضائی اڈے پر ڈرونز اور میزائلوں سے بڑا حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں بھاری جانی و مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، بحرین کے علاقے شیخ عیسیٰ میں واقع امریکی فضائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس 20 ڈرونز اور 3 بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے۔
ایرانی عسکری ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں امریکی فضائی اڈے کی مرکزی کمان (Central Command) اور ہیڈ کوارٹرز کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔ اڈے پر موجود ایندھن کے بڑے ذخائر (Fuel Tanks) میں ہولناک آگ لگ گئی ہے، جس کے شعلے دور دور تک دیکھے جا رہے ہیں۔
ایران کے مطابق یہ کارروائی 'آپریشن سچ کا وعدہ-4' کا حصہ ہے، جو تہران پر ہونے والے حملوں کے جواب میں کی گئی ہے۔بحرین کی حکومت اور وہاں موجود امریکی عسکری قیادت کی جانب سے تاحال اس حملے پر کوئی باضابطہ تفصیلی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پورے خطے میں امریکی دفاعی نظام کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق حملے کے بعد علاقے میں ایمرجنسی نافذ ہے اور دھویں کے بادل فضا میں بلند ہو رہے ہیں۔
یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب عراق اور سعودی عرب میں بھی امریکی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بحرین جیسے خلیجی ملک میں امریکی اڈے پر براہِ راست حملہ خطے میں جاری کشیدگی کو ایک خطرناک ترین مرحلے میں داخل کر سکتا ہے۔
بحرین میں امریکی فضائی اڈے پر ایران کا بڑا حملہ؛ ہیڈ کوارٹر تباہ کرنے کا دعویٰ
10:45 AM, 3 Mar, 2026