اسلام آباد : وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے "آپریشن غضب للحق" کے حوالے سے اہم ترین اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں دشمن کو ناقابلِ تلافی جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ان کے مطابق اب تک 464 دہشت گرد (خوارج) ہلاک اور 665 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
وفاقی وزیر نے میڈیا کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اس آپریشن کے دوران نہ صرف جانی نقصان ہوا بلکہ دشمن کے دفاعی ڈھانچے کو بھی مفلوج کر دیا گیا ہے۔ آپریشن کی اہم تفصیلات درج ذیل ہیں۔
کارروائیوں کے دوران دشمن کی 188 چیک پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں، جبکہ 31 اہم پوسٹوں پر سکیورٹی فورسز نے اپنا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ اب تک 192 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور آرٹلری گنز (توپ خانہ) تباہ کی جا چکی ہیں۔ پاکستان کی فضائیہ اور زمینی دستوں نے مجموعی طور پر 56 مختلف مقامات کو نشانہ بنایا، جن کے بارے میں وزیرِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں انتہائی مؤثر ثابت ہوئیں۔
عطا اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ آپریشن غضب للحق کے مقاصد کے حصول کے لیے تمام کارروائیاں نہایت مربوط اور مؤثر انداز میں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو اس کی جارحیت پر ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے اور افغانستان بھر میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو فضائی کارروائیوں کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
آپریشن غضب للحق میں 464 خوارج ہلاک، 665 زخمی:عطا اللہ تارڑ
06:35 PM, 3 Mar, 2026