پاک سری لنکا دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہئے: وزیر اعظم

پاک سری لنکا دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہئے: وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کو دفاعی شعبے میں تعاون کو فروغ دینا چاہئے، دونوں ممالک کو علاقائی امن و استحکام کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف سے سری لنکن آرمی چیف اے۔ ڈبلیو۔ جے۔ ڈی سلوا نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان اور سری لنکا دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ،وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کو فروغ دینا چاہئے، اس کے ساتھ ساتھ پاکستان اور سری لنکا کو علاقائی امن و استحکام کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔سری لنکن آرمی چیف نے دورہ پاکستان کے دوران گرمجوش استقبال پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ بھی موجود تھے.