اسسٹنٹ کمشنر کو ڈانٹنے کا معاملہ، فردوس عاشق اعوان کا ردعمل بھی آ گیا

اسسٹنٹ کمشنر کو ڈانٹنے کا معاملہ، فردوس عاشق اعوان کا ردعمل بھی آ گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ کی اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کو ڈانٹنے کے معاملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے چیف سیکرٹری کو حقائق مسخ کر کے بتائے گئے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھاکہ اس معاملے میں بیگانے کی شادی میں عبداللہ دیوانے والے بھی کودے ہوئے ہیں اور کچھ بی جمالوں کا کردار ادا کررہے ہیں، گزشتہ روز رمضان بازار میں مس مینجمنٹ تھی، بدقسمتی سے چیف سیکرٹری کو حقائق مسخ کرکے بتائے گئے، کئی بازاروں اور یوٹیلٹی سٹورز کا دورہ کیا لیکن کہیں سے ایسا ری ایکشن نہیں آیا۔ 
ان کا کہنا تھاکہ ڈاکٹر فردوس کسی خاندان کی نہیں بلکہ عوامی مسائل کی جنگ لڑنے گئی تھی، لوگ واقعے میں اپنی اپنی مرضی کا رنگ بھر رہے ہیں، مسائل کی نشاندہی کرنا ہماراکام ہے اور عوامی نمائندوں کے درمیان ٹکراؤ پیدا کرنے والوں کو مایوسی ہوگی، بیورو کریسی حکومت کا حصہ ہے، ان کو نیچا نہیں دکھا رہے، انہیں برا منانے کی بجائے بہتری پیدا کرنی چاہیے، ان کے ساتھ کوئی ٹکراؤ نہیں ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ایک روز پہلے کے واقعے پر وزیر اعلیٰ نے مجھے اور چیف سیکرٹری کو طلب کیا تھا، انکوائری کا فیصلہ کیا ہے اور رپورٹ بھی طلب کر لی ہے، عوام کے ٹیکس سے تنخواہ لینے والا عوام کے سامنے جوابدہ ہے، اے سی صاحبہ گرمی برداشت کرنے کا حوصلہ پیدا کریں۔ 
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عثمان ڈار کو اسلام آباد میں بیٹھ کر حلقے کے مسائل کا علم نہیں، وہ اپنے مورچے پر فائر کرکے اپنی پارٹی کی شہادتیں نہ کرائیں اور اپنے اندر صبر پیدا کریں، رمضان بازاروں میں عوام کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کو برداشت نہیں کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) سیالکوٹ سونیا صدف کو بازار میں سب کے سامنے ڈانٹ پلائی تھی جس کے بعد اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے خاصی تنقید کی گئی۔