اسلام آباد : بھارتی فوج نے غیر قانونی طور پر جبراً حراست میں رکھے گئے معصوم پاکستانیوں کو فیک انکاؤنٹرز میں استعمال کرنے کا ایک نیا اور مذموم منصوبہ تیار کیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، بیسیوں پاکستانی بھارتی ایجنسیوں کی حراست میں ہیں، اور بھارت نے ان پاکستانیوں کو مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں باہر نکال کر جعلی مقابلے میں مارنے کا ناپاک منصوبہ تیار کیا گیاہے۔
ان کی ہلاکت کے بعد بھارت انہیں پاکستان سے آنے والے دہشت گرد بنا کر پیش کرے گا۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بھارتی میڈیا کو پہلے ہی ان افراد کی لاشوں اور پلانٹڈ ہتھیاروں کی ویڈیوز اور تصاویر فراہم کی جا چکی ہیں، تاکہ بھارتی میڈیا ان افراد کو پاکستان سے آنے والے دہشت گردوں کے طور پر دکھا سکے۔
اس مذموم منصوبے کا مقصد پاکستان کے خلاف جارحیت کرنے کی ایک اور من گھڑت کہانی بنانا ہے۔ ان افراد سے پاکستان مخالف بیانات اور اعتراف جرم کے بیانات بھی دلوائے جا سکتے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ 29 اور 30 اپریل کو ڈی جی آئی ایس پی آر اپنی پریس کانفرنسز میں 723 پاکستانی افراد کی تفصیلات بتا چکے ہیں جو مختلف بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر قید ہیں۔
اس کے علاوہ، 56 ایسے پاکستانی افراد بھی ہیں جو بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے ہاتھوں غیر قانونی طور پر حراست میں ہیں اور انہیں کسی بھی وقت پاکستان کے خلاف استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے 24 اپریل کو آزاد جموں کشمیر کے دو شہریوں محمد فاروق اور محمد دین کو بارڈر کراس کرنے کی غلطی پر بھارتی فوج نے ظالمانہ طریقے سے فیک انکاؤنٹر میں مار ڈالا تھا۔