بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیں گے: اقوام متحدہ میں پاکستان کا دو ٹوک پیغام

10:41 AM, 3 May, 2026

نیویارک/اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کو کسی بھی ممکنہ مہم جوئی کے خلاف سخت وارننگ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملکی خودمختاری کا دفاع کرنے کے لیے پاکستان مکمل طور پر تیار ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے عالمی ادارے کو بھارتی اقدامات سے پیدا ہونے والے خطرات سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ بھارت کے حالیہ اقدامات خطے کے امن و سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیا کی نازک صورتحال کا نوٹس لے، کیونکہ کسی بھی غلط فہمی کا نتیجہ تباہ کن ہو سکتا ہے۔
پاکستان نے ایک بار پھر ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ     پاکستان بھارت کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا اور خطے میں استحکام کا خواہاں ہے۔    مسئلے کے پرامن حل کے لیے پاکستان اقوام متحدہ کی ثالثی قبول کرنے کے لیے مکمل طور پر رضامند ہے۔
مستقل مندوب نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مزیدخبریں