سندھ میں ہیٹ ویو کا خطرہ، پنجاب اور اسلام آباد میں بادلوں کا راج، موسم کے دو رنگ

12:16 PM, 3 May, 2026

کراچی/لاہور: ملک کے مختلف حصوں میں اس وقت موسم کی دو انتہائیں دیکھی جا رہی ہیں۔ جہاں کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے شدید ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، وہیں لاہور، پنجاب کے دیگر علاقوں اور اسلام آباد میں رات گئے ہونے والی بارش نے موسم کو انتہائی خوشگوار بنا دیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے سندھ میں ہیٹ ویو کے آغاز کی پیش گوئی کی ہے جس کے بعد انتظامیہ الرٹ ہو گئی ہے۔  کراچی میں پارہ 40 ڈگری، جبکہ اندرون سندھ کے اضلاع میں درجہ حرارت 46 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ کمشنر کراچی کے مطابق ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے شہر کے ہر ضلع میں 15 ہیٹ ویو کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔
 ان کیمپس میں شہریوں کے لیے پینے کا ٹھنڈا پانی، پنکھے اور فوری طبی امداد (میڈیکل کیمپ) کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
سندھ کے برعکس، پنجاب اور دارالحکومت میں بارش نے گرمی کے ستائے شہریوں کو بڑی راحت دی ہے۔ شہر اور گردونواح میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔

مزیدخبریں