مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر اداروں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جائیگا تو ملک میں جمہوریت کس طرح آگے بڑھے گی؟ عمران خان کیلئے راستے کھولنے کیلئے عدلیہ کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کوئی ان سے پوچھے کہ کیا 6 سال تک وقت ضائع نہیں ہوتا رہا۔ پراسیکیوشن نےکہا کہ عدالت کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے اور لکھا کہ مقدمہ سیاسی طور پر تیار کیا گیا تھا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ جس طرح وزیراعظم کی بریت ہوئی، اسی طرح شریف فیملی کے ریفرنسز بھی ختم کیے جائیں۔ وقت آئیگا جب پراسیکیوشن کہے گی کہ ان ریفرنسز کو چلانا بھی عدالتی وقت کا ضیاع ہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا لاہور جلسہ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہوگا۔ 13 دسمبر کو ثابت ہوگا کہ پورا لاہور جاگ چکا ہے۔ پی ڈی ایم جلسے کیلئے پرویز ملک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
انہوں نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوشن کے بیان پر خود زبردستی بری ہو رہے ہیں۔ اگر کوئی خود جوابدہ نہیں تو کسی کو جوابدہ نہیں ٹھہرا سکتا۔ یہ چیزیں اب برداشت سے باہر اور ریڈ لائن کراس ہو رہی ہے۔ معاشرے کو افرا تفری کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔
لیگی رہنما نے الزام عائد کیا کہ کچھ نہ ملا تو میرے خلاف ہیروئن کا کیس بنا دیا گیا، اس میں بھی کچھ نہ ملا تو اثاثوں کا کیس بنا دیا۔