استنبول: ترکیہ کے شہر استنبول میں آج غزہ اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے جس کی میزبانی ترک وزیر خارجہ حاقان فدان کریں گے۔ اس اجلاس میں 8 عرب اور مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کر رہے ہیں جن میں ترکیہ، پاکستان، سعودی عرب، قطر، مصر، اردن، انڈونیشیا اور یو اے ای شامل ہیں۔ پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔
غزہ اجلاس کا مقصد غزہ جنگ بندی معاہدے پر حالیہ پیشرفت کا جائزہ لینا اور فلسطینیوں کے انسانی حقوق کی صورتحال پر غور کرنا ہے۔ ترک وزیر خارجہ اجلاس میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی سے فرار کے لیے بہانوں کی کوششوں اور حالیہ اسرائیلی جارحیت کو اجاگر کریں گے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق، پاکستان اس اجلاس میں غزہ جنگ بندی معاہدے پر مکمل عملدرآمد پر زور دے گا اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں، خصوصاً غزہ سے اسرائیلی فوج کے انخلاء کا مطالبہ کرے گا۔