لاہور : پاکستان ریلوے نے لاہور اور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی ریل کار کے نئے ریک کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس اہم تقریب میں پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، عامر علی بلوچ نے شرکت کی اور نئی بوگیوں کا معائنہ کیا۔
ریلوے حکام کے مطابق، نئے ریک کی بوگیوں کو خاص طور پر دشوار گزار راستوں پر چلنے کے لیے ری فرنش کیا گیا ہے، تاکہ مسافروں کو زیادہ آرام دہ اور محفوظ سفر فراہم کیا جا سکے۔ ان بوگیوں میں مسافروں کی سہولت کے لیے کھانے پینے کی اشیاء، ابتدائی طبی امداد کی ادویات اور صفائی ستھرائی کے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔
افتتاحی تقریب کے دوران، سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ نے کہا کہ پاکستان ریلوے مزید ٹرینوں میں بھی ایسی ہی سہولتیں فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھانے پینے سے لے کر صفائی اور طبی امداد تک بہترین انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت دی جا سکے۔
عامر علی بلوچ نے مزید کہا کہ "ریلوے کا سفر آج بھی دیگر ٹرانسپورٹ ذرائع کے مقابلے میں سستا اور محفوظ ہے، اور ہمارا مقصد ہے کہ مسافروں کو جلد اور بحفاظت ان کی منزل تک پہنچایا جائے۔"
سی ای او نے یہ بھی بتایا کہ لوکو موٹو اور ٹریک کی مرمت کا کام جاری ہے اور انٹرنیشنل فنانسنگ کے ذریعے ٹریک کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے تاکہ مستقبل میں ٹرینوں کی رفتار اور سروس کے معیار میں مزید بہتری لائی جا سکے۔