قاہرہ : مصر کا نیا اور شاندار عجائب خانہ دنیا کے لیے کھول دیا گیا ہے، جس میں قدیم مصری تہذیب کے نایاب نوادرات کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ اس جدید عجائب خانے میں طوطان خامن کے مقبرے سے ملنے والے قیمتی زیورات، فراعنہ مصر کے دور کے عظیم مجسمے اور ایک لاکھ سے زائد قدیم مصری نوادرات رکھے گئے ہیں جو ملک کی تاریخی ورثے کو دنیا کے سامنے لانے کی کوشش کا حصہ ہیں۔
عجائب خانے کے افتتاح کی رنگا رنگ تقریب نے دیکھنے والوں کو محظوظ کیا، جہاں فنکاروں کی پرفارمنس نے محفل کو جادوئی بنا دیا۔ اس تاریخی موقع پر مصر کے صدر عبدالفتح سیسی نے اہرام مصر کے قریب واقع اس عظیم میوزیم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
یہ عجائب خانہ 120 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور فرانس کے مشہور لوور میوزیم سے بھی دوگنا بڑا ہے۔ اس منصوبے کی لاگت تقریباً ایک ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچی ہے، جو مصر کی ثقافت اور تاریخ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
یہ نیا عجائب خانہ نہ صرف مصر کے قدیم تاریخ کو محفوظ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے بلکہ سیاحوں کے لیے بھی ایک نیا اور منفرد تجربہ فراہم کرے گا، جہاں وہ مصر کے عظیم ماضی کے اہم ترین آثار دیکھ سکیں گے۔