اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور عالمی تعلقات میں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ امریکا، چین، سعودی عرب اور دبئی کے ساتھ تعلقات بہتر ہو رہے ہیں اور پاکستان اب عالمی سطح پر ایک قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر ابھرا ہے۔ مختلف شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے اور قطر و متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات مثالی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین سی پیک فیز تھری پر کام بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ پاکستان ترکی اور ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔
وزیردفاع نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اسلاموفوبیا کے خلاف مؤثر آواز بن کر ابھرا ہے اور ملک کی سفارتکاری اعتماد اور استحکام کی عکاسی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سفارتکاروں کی کارکردگی قابل تعریف ہے اور یہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔