اسلام آباد: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بتایا ہے کہ آئندہ سال پہلی چینی ساختہ ہنگور کلاس آبدوز بحری بیڑے میں شامل ہوگی۔ معاہدے کے تحت ابتدائی چار ڈیزل الیکٹرک اٹیک آبدوزیں چین میں تیار ہوں گی، جبکہ باقی پاکستان میں اسمبل کی جائیں گی تاکہ ملکی تکنیکی صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکے۔
ایڈمرل نوید اشرف کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف آبدوز فورس کی صلاحیت بڑھانے میں مددگار ہے بلکہ کراچی شپ یارڈ میں ٹیکنالوجی اور ہنرمندی کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے جدید فریگیٹس اور آبدوزیں شمالی بحیرہ عرب اور بحر ہند میں بحری تحفظ کو مضبوط بنا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ مشترکہ تربیت اور مشقیں پاک بحریہ کی کثیر الجہتی صلاحیت اور دفاعی طاقت کو بہتر بنانے میں مددگار ہیں، اور یہ تعلق باہمی اعتماد اور مشترکہ اسٹریٹجک مفادات پر مبنی ہے۔