قومی اسمبلی میں فنانس ترمیمی بل کو کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا

قومی اسمبلی میں فنانس ترمیمی بل کو کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا

اسلام آباد:قومی اسمبلی میں فنانس ترمیمی بل کو کثرت رائے سے منظور کر لیا گیاہے جس میں حکومت نے ایک مرتبہ پھر سے نان فائلرز کیلئے زمین اور گاڑی خریدنے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔


تفصیلات کے مطابق اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسد عمر نے کہا کہ بڑے نان فائلرز کے خلاف مہم کا کل سے آغاز ہوچکا ہے ، 169 نان فائلرز کو نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں، نان فائلرز صرف 200 سی سی سے نیچے کی موٹر سائیکل خرید سکیں گے، جبکہ جو زمین اور گاڑی خریدنا چاہتا ہے وہ ٹیکس ریٹرن فائل کرکے اس کا اہل بن جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی معیاد بڑھا دی ہے، اس لیے اب بھی وقت ہے کہ ٹیکس نادہندگان ٹیکس نیٹ میں آجائیں، جبکہ اوورسیز پاکستانیوں اور بیوہ کی وراثتی جائیداد کی منتقلی پر نان فائلرز کو چھوٹ دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا  کہ قوم کا پیسہ قوم پر خرچ ہوگا، آئیں اور اس میں اپنا حصہ ڈالیں، کوئی یہ نہ سوچے کہ وہ بچ جائے گا، یہ ریاست اتنی کمزور نہیں آپ کو پکڑ نہ سکے جبکہ بینکوں میں بڑی رقم رکھنے والے نان فائلرز کو بھی پکڑیں گے۔