کراچی: سام سنگ ڈسپلے کے صدر لی چیونگ نے انکشاف کیا ہے کہ کمپنی جلد ہی ایک شمالی امریکی کلائنٹ کے لیے فولڈایبل OLED پینلز کی بڑی مقدار میں پیداوار شروع کرنے والی ہے۔ اگرچہ انہوں نے کلائنٹ کا نام ظاہر نہیں کیا، تاہم اطلاعات کے مطابق یہ آرڈر معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کا ہو سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایپل اپنے پہلے فولڈایبل آئی فون کی تیاری کے آخری مراحل میں ہے اور اس کے ڈسپلے کے اہم پرزے سام سنگ ڈسپلے سے فراہم کیے جائیں گے، جو پہلے ہی ایپل کو OLED اسکرینز مہیا کر رہا ہے۔
متوقع ہے کہ ایپل کا یہ فولڈایبل فون 5.5 انچ کے کور ڈسپلے اور 7.8 انچ کے فولڈ ہونے والے اندرونی اسکرین کے ساتھ آئے گا۔ اس کے علاوہ، اس ڈیوائس میں روایتی Face ID کی جگہ سائیڈ پر Touch ID سینسر دیا جا سکتا ہے، جیسا کہ اینڈرائیڈ فولڈایبل فونز میں ہوتا ہے۔
یہ نیا فولڈایبل آئی فون ممکنہ طور پر ستمبر 2026 میں آئی فون 18 سیریز کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا، تاہم صنعت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی حتمی ریلیز کی تاریخ میں تبدیلی بھی ہو سکتی ہے کیونکہ اس کی تیاری ابھی جاری ہے۔