بحیرہ عرب میں طوفانی سسٹم متحرک، سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان

07:58 PM, 3 Oct, 2025

کراچی: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں موجود گہرے دباؤ کا سسٹم آئندہ چند گھنٹوں میں سمندری طوفان کی شکل اختیار کر سکتا ہے، جس کی شدت اگلے 24 گھنٹوں میں مزید بڑھنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق اس موسمی نظام کے اثرات سندھ کے متعدد اضلاع میں محسوس کیے جائیں گے، جن میں تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، مٹیاری اور جامشورو شامل ہیں۔ کراچی کے بعض علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ ہلکی یا درمیانی بارش متوقع ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ساحلی علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو سکتی ہے، جو بعض اوقات 55 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ اس سلسلے میں ماہی گیروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اتوار تک کھلے سمندر میں جانے سے پرہیز کریں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز آندھی اور گرج چمک سے کمزور عمارتوں، چھتوں، دیواروں، بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

کراچی میں ہفتے کے روز موسم عمومی طور پر ابرآلود اور نم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، ساتھ ہی کہیں کہیں ہلکی بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔ شہر کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 75 سے 85 فیصد اور شام کو 60 سے 70 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ محکمہ موسمیات پہلے ہی ایک ایڈوائزری جاری کر چکا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ 4 سے 6 اکتوبر کے دوران خلیج بنگال اور شمالی بحیرہ عرب سے نمی لانے والی ہواؤں کے مزید فعال ہونے کی امید ہے۔

مزیدخبریں