قدرتی زہر سے کئی امراض کے علاج میں پیش رفت

قدرتی زہر سے کئی امراض کے علاج میں پیش رفت

نیویارک: امریکی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ کیڑے مکوڑوں اور رینگنے والے جانوروں کےزہر سے ذیابیطس، درد اور دیگر کئی بیماریوں کا علاج کیا جاسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیویارک میں سٹی یونیورسٹی اور ہنٹر کالج کی ایک رپورٹ میں ماہرین نے  کہا ہے کہ زہر پیچیدہ اور طویل مرکبات ہوتے ہیں- جن میں موجود ایٹموں کی ترتیب پہلے معلوم نہیں کی جاسکی تھی لیکن اب جدید سائنس  کی بدولت ان کے راز آشکار ہوئے ہیں اور کئی امراض کے علاج کی راہ ممکن ہوئی ہے۔اس سلسلے میں مرگی کو روکنے والی ایک دوا مکڑی کے زہر سے تیار کی گئی ہے۔ تاہم کیڑے مکوڑوں اور رینگنے والے جانوروں کے زہر کی سمّیت (toxicity) سے فائدہ اٹھانے کےلیے اس زہر سے وابستہ ارتقائی مدارج کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔

اسی وجہ سے  امریکا کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے اب تک زہر سے اخذ کی گئی 6 ادویہ پر تحقیق آگے بڑھانے اور ابتدائی تجرباتی طور پر انسانوں کے علاج میں آزمانے  کی منظوری دی ہے۔ ان میں سے ایک مثال ڈیتھ اسٹاکر بچھو کی ہے جو کلوروٹاکسن نامی ایک زہر پیدا کرتا ہے۔ یہ اعصابی زہر اس لیے منفرد خیال کیا جاتا ہے کیونکہ اس میں کینسر زدہ خلیوں کو شناخت کرکے صرف ان کے ساتھ ہی منسلک ہونے کی خداداد صلاحیت پائی جاتی ہے۔ یہ خاصیت کلوروٹاکسن کو سرجری سے قبل تمام سرطان زدہ خلیات کو مکمل طور پر ختم کرنے میں ممکنہ طور پر مفید و قابلِ استعمال بناسکتی ہے۔

اسی طرح سمندری گھونگھے سے ملنے والے اعصابی زہر سے شدید درد کو کم کیا جاسکتا ہے۔ ماہرین نے بہت سے زہریلے جانوروں سے سرطان کے خلاف کئی مفید اجزاء بھی کشید کیے ہیں۔