وزیر خارجہ کا ایرانی ہم منصب سے رابطہ ، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال

05:51 PM, 3 Sep, 2019

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ 

 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے بتایا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ چار ہفتوں سے کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔

 

وزیر خارجہ نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق خلاف ورزیاں عروج پر ہیں ۔ بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر رہی ہیں۔

 

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر میں صورتحال اس قدر تشویشناک ہے کہ خوراک اور ادویات تک میسر نہیں ہو رہیں۔ بھارت اپنے یکطرفہ اقدامات سے پورے خطے کے امن و امان کو تباہ  کرنے پر تلا ہوا ہے ۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ایسے اقدامات سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گا اور ایران کشمیر کی صورتحال کو قریب سے دیکھ رہا ہے۔

 

مزیدخبریں