9 مئی سانحہ ، جی ایچ کیو حملہ سمیت 12 اہم مقدمات کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی

11:12 AM, 3 Sep, 2025

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی کی عدالت میں آج 9 مئی سانحہ اور جی ایچ کیو حملہ سمیت 12 اہم مقدمات کی سماعت جج امجد علی شاہ کی میڈیکل رخصت کے باعث بغیر کارروائی کے 17 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

عدالت کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق آج یہ مقدمات جیل ٹرائل کے طور پر سننے تھے تاہم جیل ٹرائل کی تاریخ بھی غیر یقینی ہو گئی اور سماعت راولپنڈی کی کچہری عدالت میں ہوئی جہاں صرف حاضری لگائی گئی۔

سرکاری پراسیکیوٹر ظہیر علی شاہ، وکلائے صفائی ملک فیصل ایڈووکیٹ اور حسنین سنبل ایڈووکیٹ عدالت میں موجود تھے، جبکہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد بھی سماعت کے موقع پر عدالت پہنچے تھے۔

عدالت نے تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں عمر ایوب اور شبلی فراز کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا تھا مگر کیس پر کوئی مزید کارروائی نہیں ہو سکی۔

خیال رہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں مجموعی طور پر 119 گواہان کی فہرست موجود ہے، جن میں سے اب تک صرف 27 کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں  جبکہ  دیگر 11 مقدمات میں جی ایچ کیو گیٹ 4 پر حملے کا کیس بھی شامل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جج کی دستیابی کی صورت میں اگلی سماعت پر باقاعدہ کارروائی شروع ہونے کی توقع ہے، تاہم سکیورٹی اور قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے جیل ٹرائل کی تاریخ ایک بار پھر غیر یقینی بن گئی ہے۔

مزیدخبریں