گورنر پنجاب نے جہیز سیلاب میں بہہ جانے پر9 بچیوں کی شادی کا خرچ اٹھانے کی ذمہ داری لے لی

01:23 PM, 3 Sep, 2025

لاہور :  گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سیلاب میں جہیز بہہ جانے والی متاثرہ فیملی سے اظہار ہمدردی کے لیے تھیم پارک ہاؤسنگ سوسائٹی پہنچے۔ گورنر پنجاب نے متاثرہ خاندانوں کی 9 بچیوں کی شادی کا خرچ خود اٹھانے کا اعلان کیا۔

مقامی افراد نے گورنر کو اپنے زیرِ آب گھروں کا دورہ کروایا اور شکوہ کیا کہ تاحال کسی سرکاری ادارے نے ان کی مدد نہیں کی۔ متاثرین کے مطابق وہ اب تک اپنی مدد آپ کے تحت سیلاب سے جان بچاتے رہے ہیں اور نہ ہی خیمے، کھانا یا طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

گورنر پنجاب نے اس موقع پر یقین دہانی کروائی کہ متاثرہ خاندانوں کو روزانہ تین وقت کا کھانا مہیا کیا جائے گا، ریڈ کریسنٹ کے ذریعے میڈیکل کیمپس لگائے جائیں گے، اور تھیم پارک ہاؤسنگ سوسائٹی میں خیمے لگا کر دیے جائیں گے۔

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ملک کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا پیغام دیا۔ انہوں نے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج، وفاقی اور صوبائی اداروں کی کوششوں کو سراہا۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ حکومت متاثرین کو اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں موجودگی اور صورتحال کی براہِ راست نگرانی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

مزیدخبریں