لاہور: چیئرمین ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز پاکستان (APSUP) پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا ہے کہ ہم وہ اقدار بھول چکے ہیں جو یاد رکھنے کی تھیں۔ ہم نے ڈاکٹر اور انجینئر تو بنا دیے، مگر انسان بنانا بھول گئے۔
وہ پنجاب یونیورسٹی کے آئی بی اے ڈیپارٹمنٹ میں ایک تعلیمی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے، جس میں اساتذہ، طلبہ، محققین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
انہوں نے معاشرے میں بڑھتے ہوئے بگاڑ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہم ایسے ماحول میں رہ رہے ہیں جہاں طلبہ، اساتذہ اور علما سبھی چوری کے الزام میں گھیرے جا چکے ہیں۔" ان کا کہنا تھا کہ صرف تعلیم کافی نہیں، نوجوانوں کی کردار سازی پر توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ نوجوانوں میں ٹیم ورک کا فقدان ہے اور 14 اگست کو جشن کے نام پر بائیک کے سلنسر نکالنے جیسا رویہ ہمارے سنجیدہ مسائل سے لاعلمی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہارورڈ جیسی عالمی جامعات بھی کردار سازی پر کام کر رہی ہیں، ہمیں بھی اسی جانب بڑھنا ہو گا۔
انہوں نے میاں صاحب کو قوم کا ہیرو قرار دیتے ہوئے ان کی تعلیمی خدمات کو سراہا اور کہا کہ جو قومیں اپنے ہیروز کی قدر نہیں کرتیں، وہ کبھی ترقی نہیں کرتیں۔
خطاب کے اختتام پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک ہر فرد خلوصِ نیت اور سخت محنت سے اپنا کردار ادا نہ کرے۔ کامیابی کا دارومدار صرف کردار، محنت اور خلوص پر ہے۔