راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد پر سکیورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 15 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مؤثر کارروائی کی، جو 36 گھنٹے تک جاری رہی۔ کامیاب آپریشن کے دوران 15 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا، جبکہ بڑی تعداد میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہا۔