اسلام آباد: پاکستان نے یورو بانڈ کے اجرا کے ذریعے 3 ارب ڈالر حاصل کر لیے، جسے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا بانڈ ٹرانزیکشن قرار دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی ٹیکس اصلاحات کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 3 ارب ڈالر کا یورو بانڈ جاری کرنا عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کے پاکستان پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔ اپریل 2025 سے پاکستان کی ریٹنگ میں تین مرتبہ بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورو بانڈ کے لیے آرڈر بک کا حجم جاری کیے گئے بانڈ سے دوگنا رہا، جو عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے اور ٹیکس نظام میں جامع اصلاحات کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ اصلاحات کے نتیجے میں ٹیکس وصولی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مالیاتی پائیداری کے لیے مؤثر ٹیکس اصلاحات ناگزیر ہیں۔ مالیاتی استحکام اور ٹیکس نظام کو بہتر بنانے کے لیے حکومت اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔