پنجاب، خیبرپختونخوا میں نئے صوبوں کی بات ہو تو حمایت کریں گے: سعید غنی

05:48 PM, 3 Sep, 2026

کراچی: صوبائی وزیر سعید غنی نے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے عوام صوبے کی تقسیم کے خلاف ہیں اور سندھ میں کسی نئے صوبے کی گنجائش نہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ سندھ کی تاریخ میں آج کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ایوان میں سندھ کی وحدت اور مستقبل کے حوالے سے اہم بحث جاری ہے۔ ماضی میں بھی سندھ کو تقسیم کرنے کی آوازیں اٹھتی رہی ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اگر پنجاب اسمبلی یا خیبرپختونخوا اسمبلی صوبے بنانے کی بات کرے تو وہاں صوبے بنائے جائیں، وہ اس فیصلے کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ تمام صوبائی اسمبلیوں کو فیصلہ کرنا چاہیے کہ مزید صوبے بننے چاہئیں یا نہیں۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ اگر صوبے بنانے ہیں تو متعلقہ اسمبلیوں کو قرارداد کے حق میں ووٹ دینا ہوگا۔ سندھ کے لوگ واضح طور پر کہتے ہیں کہ سندھ میں کسی مزید صوبے کی ضرورت نہیں اور سندھ میں سب ایک آواز ہیں کہ صوبے نہیں بننے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بھی واضح کیا ہے کہ جس صوبے کی اسمبلی نئے صوبے بنانے کی قرارداد منظور کرے گی، وہ اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

سعید غنی کے مطابق صوبے یا انتظامی یونٹ بنانے کی بحث وفاقی وزیر داخلہ کے بیان کے بعد شروع ہوئی، وزیر داخلہ کی تقریر کے بعد ایم کیو ایم کی قیادت نے متعدد پریس کانفرنسز کیں اور سندھ کی تقسیم کے معاملے پر جلسے بھی کیے۔

مزیدخبریں