کراچی: سندھ اسمبلی کے اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل میمن نے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ کی 5 ہزار سال پرانی تہذیب اور تاریخ ہے، سندھ حکومت، پارٹی اور چیئرمین کا نئے صوبوں سے متعلق موقف واضح ہے۔ نئے صوبوں کا فیصلہ صوبائی اسمبلیوں نے کرنا ہے۔
سینئر وزیر نے کہا کہ کسی ٹاک شو، تقریب، جلسے یا جلوس میں نئے صوبوں کا فیصلہ نہیں ہوسکتا، ملک آئین کے تحت چلنا ہے اور اسمبلیوں نے ہی فیصلہ کرنا ہے کہ نئے صوبے بنیں گے یا نہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگوں کو اپنی مٹی اور سندھ کے لفظ سے محبت ہے، سندھ اسمبلی میں بیٹھے لوگ مر جائیں گے لیکن سندھ کی تقسیم پر سودا نہیں کریں گے۔
ایم کیو ایم کے ارکان سے متعلق شرجیل میمن نے کہا کہ انہیں ایم کیو ایم کے دوستوں کے ساتھ ہمدردی ہے، تاہم سندھ اسمبلی میں ان کے دوستوں نے دل سے تقریر نہیں کی۔ ایم کیو ایم کے دوست پوائنٹ اسکورنگ کے لیے تقریریں کررہے ہیں۔