بجٹ تجاویز پر بات چیت ، آئی ایم ایف کا وفد آج پاکستان پہنچے گا

09:54 AM, 4 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد آج پاکستان پہنچے گا، جہاں وہ اگلے مالی سال کے بجٹ کی تجاویز کا جائزہ لے گا۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف کا وفد پاکستانی حکام سے ملاقات کرے گا اور بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دینے کے لیے مختلف امور پر بات چیت کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد پاکستان میں ٹیکس ریونیو بڑھانے کے اقدامات پر مذاکرات کرے گا۔ اس کے علاوہ، حکام سے اخراجات پر کنٹرول اور ترقیاتی اخراجات کے بارے میں بھی تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ زرعی ٹیکس کی وصولی کے طریقہ کار پر عمل درآمد اور صوبوں کی طرف سے اس حوالے سے اہداف مقرر کرنے پر بھی بات کی جائے گی۔

آئی ایم ایف وفد پنشن سکیم پر عمل درآمد کو حتمی شکل دینے کے علاوہ قرض کی ادائیگیوں کے لیے بیرونی فنانسنگ کی ضروریات پر بھی تبادلہ خیال کرے گا۔ ترقیاتی پروگرام کو بھی حتمی شکل دی جائے گی تاکہ آئندہ مالی سال کی اقتصادی پالیسی کو واضح کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف وفد کے دورے اور مذاکرات کے بعد موجودہ وعدوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد قرض کی اگلی قسط پر فیصلہ کیا جائے گا۔ وفاقی بجٹ 2023-24 کو جون کے پہلے ہفتے میں پیش کرنے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں