شہید ذوالفقار علی بھٹو کا کردار ملکی سیاست میں مرکزی ہے، 1973 کا آئین پائیدار کامیابی: صدر آصف علی زرداری

10:45 AM, 4 Apr, 2026

اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری نے قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کو ان کے یومِ شہادت پر شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید بھٹو نے پاکستان کو ایک نیا آئینی راستہ دکھایا اور قوم کے وقار کو عالمی سطح پر بحال کیا۔صدر مملکت نے اپنے خصوصی پیغام میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی بصیرت کا ذکر کرتے ہوئے کہا  شہید بھٹو پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک منفرد اور مرکزی مقام رکھتے ہیں، جن کی جدوجہد نے عوام کو طاقت کا سرچشمہ بنایا۔
 ان کی قیادت نے ایک مشکل دور میں قومی اعتماد کو بحال کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا اور بکھری ہوئی قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔
آصف علی زرداری نے 1973 کے متفقہ آئین کو شہید بھٹو کی سب سے بڑی اور پائیدار کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا شہید بھٹو نے ملک کو ایک ایسے آئینی راستے پر ڈالا جس نے وفاق کی اکائیوں کو یکجا کیا۔ 1973 کا آئین آج بھی ملک کی بقا اور جمہوری استحکام کی سب سے بڑی ضمانت ہے۔
صدر زرداری نے مزید کہا کہ شہید بھٹو نے غریب طبقے، کسانوں اور مزدوروں کو شعور دیا اور انہیں سیاست کے ایوانوں تک پہنچایا۔ ان کے بقول، شہید کی قربانی اور ان کے وضع کردہ اصول آج بھی پاکستانی سیاست کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی خدمات کو تاریخ کے سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔

مزیدخبریں