"پاک بحریہ کی جدید کاری میں نیا سنگ میل: پی این ایس خیبر کی شمولیت سے سمندری دفاع ناقابلِ تسخیر"

03:24 PM, 4 Apr, 2026

کراچی :پاک بحریہ کے بیڑے میں دوسرے 'ملجم کلاس' جہاز پی این ایس خیبر کی شمولیت کی باوقار تقریب منعقد ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف تھے۔
اپنے خطاب کے دوران نیول چیف نے ایک بڑا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ 'معرکہ حق' کے دوران پاک بحریہ دشمن کے طیارہ بردار بحری جہاز (Aircraft Carrier) کو نشانہ بنانے اور اسے غرق کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار تھی۔ پاک بحریہ کی اس جارحانہ حکمت عملی اور جنگی مہارت کی وجہ سے بھارتی بحریہ کو اپنی نام نہاد محفوظ پناہ گاہوں میں پیچھے ہٹنے پر مجبور ہونا پڑا۔
 پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع ایک طاقتور بحری قوت کا تقاضا کرتا ہے تاکہ قومی مفادات اور توانائی کی راہداریوں کا دفاع یقینی بنایا جا سکے۔ پی این ایس خیبر اور مستقبل میں شامل ہونے والی ہنگور کلاس آبدوزیں پاک بحریہ کی جنگی طاقت اور اسٹریٹجک رسائی میں سنگ میل ثابت ہوں گی۔
 پاک بحریہ اب ایسی مخصوص ٹیکنالوجیز سے لیس ہے جو دشمن کے اہم انفراسٹرکچر اور بحری اثاثوں کو کاری ضرب لگانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔نیول چیف نے پی این ایس خیبر کے عملے کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ملکی سمندری حدود کی محافظ ہے اور کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

مزیدخبریں