اسلام آباد: پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے، جس میں خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال اور امن و امان کے قیام پر مشاورت کی گئی۔
دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران کا حل صرف مکالمے اور سفارتی ذرائع سے ہی ممکن ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی خطے میں استحکام لانے کے لیے پاکستان اور چین کے مشترکہ پانچ نکاتی اقدام کو نمایاں کیا۔ اس فارمولے کا مقصد خطے کے ممالک کے درمیان اعتماد کی بحالی اور جنگی خطرات کا خاتمہ ہے۔
بحرین کے وزیر خارجہ نے امن کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار اور سفارتی کوششوں کو بھرپور سراہا۔دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت عالمی سطح پر ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون اور کثیرالجہتی کوششیں تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔دونوں برادر ممالک نے مستقبل میں بھی خطے کی صورتحال پر نظر رکھنے اور مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی: اسحاق ڈار کا بحرینی ہم منصب کو فون، پاک ،چین 'امن فارمولا' پر تبادلہ خیال
09:03 PM, 4 Apr, 2026