پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 13 رنز سے شکست دے کر ٹی 20 سیریز 1-2 سے جیت لی

09:10 AM, 4 Aug, 2025

لاڈرہل : قومی کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو 3 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے فیصلہ کن میچ میں 13 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔ یہ میچ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاڈرہل میں کھیلا گیا، جہاں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی ٹیم نے 189 رنز کا بڑا ہدف ویسٹ انڈیز کے سامنے رکھا۔ صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان نے 74 اور صائم ایوب نے 66 رنز بنائے، جبکہ حسن نواز 15 اور محمد حارث 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ خوشدل شاہ 11 اور فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

ویسٹ انڈیز کی طرف  سے جیسن ہولڈر، روسٹن چیز اور شمار جوزف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 176 رنز ہی بنا سکی اور 13 رنز سے شکست کا سامنا کیا۔ ویسٹ انڈیز کے جیوئل اینڈریو نے 24، ردرفورڈ نے 51 اور الیک ایتھنزے نے 60 رنز بنائے۔ کپتان شائے ہوپ 7 اور جیسن ہولڈر صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ روسٹن چیز 15 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے، جبکہ گدیش موتی 10 اور روماریو شیفرڈ 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستانی گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے باعث ویسٹ انڈیز کا رن ریٹ بڑھنے کی وجہ سے ان کی جیت کی امیدیں ختم ہو گئیں۔ حسن علی، محمد نواز، حارث رؤف، صائم ایوب اور سفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بہترین کارکردگی پر صاحبزادہ فرحان کو پلیئر آف دی میچ اور محمد نواز کو پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز دیا گیا۔ پاکستان کی اس جیت کے بعد ٹیم کا اعتماد بلند ہے اور وہ اب ٹرینیڈاڈ روانہ ہو رہی ہے، جہاں جمعے سے تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا آغاز ہوگا۔

پاکستانی ٹیم کی بلے بازی اور گیند بازی کی شاندار کارکردگی نے شائقین کو ایشیا کپ میں بھی بہترین کارکردگی کی امید دلائی ہے۔

مزیدخبریں