پاکستان اور ایران کے صدور کی ایوانِ صدر میں ملاقات، دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کا عہد

08:03 AM, 4 Aug, 2025

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی فائدے کے حامل شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عزم کیا گیا۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے ایرانی ہم منصب کا پُرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مربوط سفارتی کوششوں کی ضرورت پر بھی بات کی۔

صدر زرداری نے ایران کے اصولی موقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایران کی حمایت کی قدر ہے، خاص طور پر جموں کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف ایران کے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے موقف کو سراہا۔ صدر نے اس موقع پر ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی قوم کی جرات اور اتحاد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے پاکستان کی قیادت اور عوام کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے تعمیری کردار ادا کیا۔ صدر پزیشکیان نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کے پُرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔

مزیدخبریں