اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، جس میں متعدد اہم بلز اور توجہ دلاؤ نوٹسز ایوان میں پیش کیے جائیں گے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کا 32 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا ہے، جس میں متعدد قانونی اصلاحات اور اہم معاملات پر بحث کی جائے گی۔
ایجنڈے کے مطابق اسلام آباد میں زیرِ زمین پانی کی کمی پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، پاکستان شہریت ایکٹ 1951 میں ترمیم کا بل، موٹر وہیکلز انڈسٹری ڈویلپمنٹ بل، سی ڈی اے ترمیمی آرڈیننس 2025 اور نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی آرڈیننس ایوان میں پیش ہوں گے۔
اس کے علاوہ کرمنل لاء ترمیمی بل 2024 پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی جائے گی، اور آسان کاروبار بل 2025 کی رپورٹ بھی ایوان میں پیش کی جائے گی۔ نیشنل سکول آف پبلک پالیسی بل میں ترمیمی بل، سول سرونٹس ایکٹ میں ترمیمی بل، سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 1860 میں ترمیم اور پاکستان پینل کوڈ و ضابطہ فوجداری میں ترمیمی بل بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
اس کے علاوہ، وہسل بلوور پروٹیکشن کمیشن بل 2025 اور پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی بل 2025 بھی ایوان میں پیش کیے جائیں گے، جبکہ سینیٹ سے منظور نہ ہونے والا پاکستان کوسٹ گارڈز ترمیمی بل مشترکہ اجلاس میں بھیجا جائے گا۔
اجلاس کے دوران خواتین کے حقوق کمیشن اور بچوں کے حقوق سے متعلق سالانہ رپورٹس بھی ایوان میں پیش کی جائیں گی، ساتھ ہی ساتویں این ایف سی ایوارڈ کی مانیٹرنگ رپورٹ، اسلامی نظریاتی کونسل کی سالانہ رپورٹ اور انسانی حقوق، خزانہ اور اطلاعات کمیٹیوں کی رپورٹس بھی پیش کی جائیں گی۔
اس اجلاس میں صدر پاکستان کے پارلیمنٹ سے خطاب پر اظہار تشکر کی تحریک پر بحث بھی جاری رکھی جائے گی، اور موٹروے پر اشیائے خوردونوش کی زائد قیمتوں پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی زیر غور آئے گا۔