عازمین حج سے آج سے واجبات کی وصولی کا آغاز کیا جائے گا

12:33 PM, 4 Aug, 2025

اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ آج سے حج 2026 کے لیے واجبات کی وصولی کا آغاز کیا جائے گا۔ وزارت کے مطابق، عازمین حج کو نامزد بینکوں اور آن لائن پورٹل کے ذریعے حج درخواستیں جمع کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

حج کی پہلی قسط کی وصولی 4 سے 9 اگست تک کی جائے گی، جوکہ  "پہلے آئیے، پہلے پائیے" کی بنیاد پر کی جائے گی۔ اس دوران رجسٹرڈ افراد سے واجبات وصول کیے جائیں گے۔ 11 سے 16 اگست تک نشستیں دستیاب ہونے پر نئے عازمین حج بھی درخواستیں دے سکیں گے۔

وزارت مذہبی امور کا مزید  کہنا ہے کہ جیسے ہی تمام نشستیں مکمل ہو جائیں گی توحج واجبات کی وصولی روک دی جائے گی۔ حج پیکیج کی قیمت 2026 میں 11 لاکھ 50 ہزار سے 12 لاکھ کے درمیان ہوگی، اور دوسری قسط یکم نومبر سے وصول کی جائے گی۔

دوسری جانب، وزارت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ اب دوبارہ حج کرنے والوں پر عمر کی بالائی حد کی پابندی ختم کر دی گئی ہے، تاہم یکم مارچ 2014 کے بعد پیدا ہونے والے بچے حج کے لیے درخواست نہیں دے سکیں گے۔

حج کے مختلف پیکجز کے لیے 38 سے 42 روزہ حج کے لیے 5 لاکھ روپے، اور 20 سے 25 روزہ مختصر حج کے لیے پہلی قسط کے طور پر ساڑھے 5 لاکھ روپے جمع کرانے ہوں گے۔

حج درخواستیں ملک کے 14 نامزد بینکوں میں جمع کرائی جا سکتی ہیں۔

مزیدخبریں