غزہ میں اسرائیلی بمباری میں شدت، 24 گھنٹوں میں 125 فلسطینی شہید

03:42 PM, 4 Aug, 2025

غزہ :  غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں غیر معمولی شدت آ گئی ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 125 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ شہدا میں 35 فلسطینی وہ افراد بھی شامل ہیں جو امدادی مراکز کے قریب خوراک کے حصول کی کوشش کر رہے تھے، جب کہ 6 افراد بھوک کی شدت نہ جھیل پانے کے باعث جاں بحق ہو گئے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق مئی 2025 سے اب تک غذائی قلت کے باعث 175 اموات ہو چکی ہیں۔ جاری جنگ میں شہادتوں کی مجموعی تعداد 60 ہزار 850 تک پہنچ چکی ہے، جب کہ 1 لاکھ 48 ہزار 700 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب حماس کی جانب سے ایک ایسی یرغمالی کی ویڈیو جاری کی گئی ہے جو شدید قحط کا شکار دکھائی دے رہا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے ریڈ کراس سے مطالبہ کیا ہے کہ یرغمالیوں تک خوراک پہنچائی جائے۔

بین الاقوامی سطح پر عرب و مغربی ممالک کی جانب سے غزہ میں فضائی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ اردن، متحدہ عرب امارات، جرمنی، فرانس اور بیلجیم کے طیاروں نے مجموعی طور پر 61 ٹن امدادی سامان غزہ میں گرایا ہے، جس میں خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔

غزہ میں انسانی بحران سنگین تر ہوتا جا رہا ہے اور اقوامِ متحدہ سمیت عالمی برادری کی جانب سے فوری جنگ بندی اور امداد کی فراہمی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔

مزیدخبریں