پاکستان کی مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی پر شدید مذمت، اسرائیل کو جواب دہ ٹھہرانے کا مطالبہ

01:16 PM, 4 Aug, 2025

اسلام آباد : پاکستان نے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے حالیہ واقعات پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے اسے نہ صرف اشتعال انگیز بلکہ خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزراء، حکام اور ہزاروں آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ کی کھلے عام بے حرمتی کی، جس پر دنیا کو خاموش نہیں رہنا چاہیے۔

بیان میں کہا گیا کہ مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی حکام کی موجودگی میں "ٹیمپل ماؤنٹ ہمارا ہے" جیسے نفرت انگیز نعرے لگائے گئے، جو نہ صرف مذہبی جذبات کو بھڑکاتے ہیں بلکہ ان کا مقصد مسجد اقصیٰ کی موجودہ حیثیت کو تبدیل کرنا بھی ہو سکتا ہے یہ ایک خطرناک اور دانستہ کوشش ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسرائیل کی مسلسل توسیع پسندانہ پالیسی اور جارحانہ رویہ خطے کو مزید غیر مستحکم کر رہا ہے۔ ایسے اقدامات بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق، اقوام متحدہ کے چارٹر اور او آئی سی کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو اس غیر قانونی، غیر انسانی رویے پر جوابدہ ٹھہرائے اور فوری طور پر مسجد اقصیٰ کے مذہبی تقدس اور فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کرے۔

بیان کے آخر میں پاکستان نے ایک بار پھر اپنے دیرینہ مؤقف کا اعادہ کیا کہ مسئلہ فلسطین کا پائیدار حل صرف ایک خودمختار، آزاد، قابلِ عمل اور باہم مربوط فلسطینی ریاست کے قیام میں ہے، جو 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ہو اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔

مزیدخبریں