پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر، چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں: وزیراعظم شہباز شریف

02:03 PM, 4 Aug, 2025

گلگت  :  وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان میں تباہی آ رہی ہے، اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات وقت کی ضرورت بن چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ خود نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے گلگت آئے ہیں۔ انہوں نے کہا، “گلگت میں حالیہ بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا، جس پر دلی افسوس ہے۔”

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی ادارے گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں تاکہ فوری امداد اور بحالی کے اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا عالمی کاربن گیسز کے اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، اس کے باوجود یہ ملک دنیا کے ان دس ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2022 میں بھی پاکستان شدید بارشوں اور سیلاب کا شکار ہوا، اور ہر سال موسمیاتی تبدیلی کے اثرات مزید شدت اختیار کر رہے ہیں۔ "گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور دیگر صوبوں میں ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے نمایاں تغیرات رونما ہو رہے ہیں،" وزیراعظم نے نشاندہی کی۔

وزیراعظم نے وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طور پر جامع اقدامات کا خاکہ تیار کرے۔ "این ڈی ایم اے ایک اہم قومی ادارہ ہے اور موجودہ حالات میں اس کا کردار قابلِ تعریف ہے،" انہوں نے کہا۔

مزید برآں، وزیراعظم نے گلگت بلتستان میں دانش اسکول کے قیام اور سولر پارک منصوبے کی جلد تکمیل کی ہدایت بھی دی، اور کہا کہ وہ اس منصوبے کی ذاتی نگرانی کریں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر گلگت پہنچے، جہاں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیراعلیٰ گلبر خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں وزیراعظم کو حالیہ سیلابی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مزیدخبریں