کراچی :گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ 10 مئی کو پاکستان نے بھارت کو ایک عبرتناک شکست دی، جس پر پوری قوم جشن منا رہی ہے۔ وہ کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کو دوست ممالک کی مکمل حمایت حاصل رہی، جن میں ترکیہ، ایران، سعودی عرب، بحرین اور چین شامل ہیں۔
انہوں نے کہا "ہم اپنے ان دوست ممالک کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہر سطح پر ہمارا ساتھ دیا۔ جنگ کے دوران چین پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا، جسے ہم کبھی فراموش نہیں کریں گے۔"
گورنر ٹیسوری نے کہا کہ "ہم نے ہمیشہ سنا تھا کہ پاکستان نے کئی جنگیں جیتی ہیں، لیکن مجھے فخر ہے کہ میں نے اپنی زندگی میں پاکستان کو معرکہ حق جیتتے ہوئے دیکھا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی اگلی جنگ معاشی استحکام، تعلیم کی بہتری اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے ہوگی۔اب ہمارا اگلا ہدف معیشت کی مضبوطی، روزگار کی فراہمی اور تعلیمی نظام کو بہتر بنانا ہے۔
تقریب کے شرکاء نے گورنر سندھ کے خطاب کو سراہتے ہوئے تالیاں بجائیں اور ان کے خیالات کی تائید کی۔