بابر اعظم نے عبداللہ شفیق کو ’کتابی‘ کیوں کہا؟ ایان بشپ نے دلچسپ وجہ بتا دی

02:55 PM, 4 Aug, 2026

پورٹ آف اسپین: ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں عبداللہ شفیق اور بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ نے نہ صرف پاکستان کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا بلکہ کمنٹری باکس میں بھی ان کی تکنیک موضوعِ گفتگو بن گئی۔

لیجنڈری ویسٹ انڈین فاسٹ بولر اور کمنٹیٹر ایان بشپ نے دورانِ کمنٹری بتایا کہ بابر اعظم عبداللہ شفیق کو "کتابی" کے لقب سے پکارتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ نام ان کی علمی دلچسپی کی وجہ سے نہیں بلکہ ان کی ایسی بیٹنگ تکنیک کے باعث رکھا گیا ہے جو نصابی کتابوں میں دکھائی جانے والی مثالی تکنیک سے مشابہت رکھتی ہے۔

ایان بشپ نے یہ بھی کہا کہ سیالکوٹ، جہاں سے عبداللہ شفیق کا تعلق ہے، ادب کے کئی بڑے نام پیدا کر چکا ہے، اور اسی مناسبت سے بابر نے انہیں یہ منفرد لقب دیا۔

دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں عبداللہ شفیق نے کیریئر کی چھٹی اور برصغیر سے باہر پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی، جبکہ بابر اعظم کے ساتھ ان کی 168 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت نے پاکستان کی پوزیشن مستحکم کر دی۔

ایان بشپ کا یہ تبصرہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گیا، جہاں شائقین نے عبداللہ شفیق کی تکنیک اور بشپ کی دلچسپ معلومات کو خوب سراہا۔

مزیدخبریں