اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ (پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ) کے اجرا کے لیے ملک گیر یکساں نظام قائم کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
اسلام آباد میں وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹس نیشنل پولیس بیورو کے ذریعے جاری کیے جائیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے حصول کا پیچیدہ طریقہ کار آسان، تیز اور مکمل طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے، جس سے شہریوں کو سہولت فراہم ہوگی۔
وزیر داخلہ نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹس کے اجرا کے لیے بھی یکساں نظام بنانے کی ہدایت کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹس اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹس کے لیے معیاری نظام بیرون ملک سفر کرنے والے شہریوں کے لیے آسانی پیدا کرے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل پولیس بیورو کو ایک فعال اور متحرک ادارہ بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے پولیس شہدا کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔