معروف اداکارہ بینا مسرور انتقال کر گئیں

02:29 PM, 4 Dec, 2025

لاہور : پاکستان  کی سینئر اداکارہ بینا مسرور 67 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ اس المناک خبر کی تصدیق ان کے بیٹے پارس مسرور نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کی۔ بینا مسرور پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ایک معتبر اور مقبول شخصیت تھیں جنہوں نے ٹیلی ویژن کے کئی کامیاب ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین پر گہرا اثر چھوڑا۔

انہوں نے "بنجارا"، "بیٹیاں"، "تڑپ"، "عشق نہیں آسان"، "آنگن"، "اگر" اور "جانِ جہاں" جیسے مقبول ڈراموں میں اپنی فنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ بینا مسرور نہ صرف ایک باصلاحیت اداکارہ تھیں بلکہ تدریس کے شعبے سے بھی وابستہ رہیں اور اپنے علم کا حصہ معاشرے کو دیا۔

بینا مسرور کی شخصیت صرف شوبز میں ہی نہیں بلکہ علمی حلقوں میں بھی اہمیت رکھتی تھی، کیونکہ وہ ڈاکٹر بیدل مسرور کی اہلیہ تھیں اور سندھ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی تھی۔ ان کی فنی خدمات کے ساتھ ساتھ ان کا تعلیمی کردار بھی قابل ستائش تھا۔

پارس مسرور نے اپنی والدہ کی مغفرت کے لیے مداحوں سے دعا کی درخواست کی ہے اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی اپیل کی ہے۔

مزیدخبریں