جیل کا انتظام صوبائی حکومت کے پاس ، بے فکر رہیں اصل نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا: اعظم نذیر تارڑ

06:54 PM, 4 Dec, 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے نظام کو چلانے کے لیے آئین کے فریم ورک کی ضرورت ہے۔ وزیر قانون نے عوام کو یقین دلایا کہ اصل نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا اور بےفکری اختیار کی جا سکتی ہے۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اڈیالہ جیل کے انتظامات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ جیل کا انتظام صوبائی حکومت کے پاس ہے اور جیل حکام اپنے قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جیل رول 265 کے مطابق قیدی ہفتے میں ایک ملاقات کر سکتا ہے یا ایک خط لکھ سکتا ہے۔ ملاقات میں سیاسی گفتگو کی اجازت نہیں ہوگی اور اس میں زیادہ سے زیادہ چھ افراد شامل ہو سکتے ہیں۔ ملاقات کے دوران ہونے والی باتیں پبلک نہیں کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ رول 548 کے مطابق کسی بھی قیدی کو سپرنٹنڈنٹ جیل کی موجودگی کے بغیر ملاقات کی اجازت نہیں ہوگی، اور اگر سپروائزنگ افسر سمجھے کہ ملاقات عوامی مفاد کے خلاف ہے تو اسے روک سکتا ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے واضح کیا کہ جیل قوانین پر عملدرآمد کرانا محکمہ جیل خانہ جات کی ذمہ داری ہے اور جو بھی فریم ورک موجود ہے، حکومت اس کے مطابق کام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “سیٹ آف رولز میں مرکزی اختیارات سپرنٹنڈنٹ جیل کے ہیں اور ملاقاتیں اسی کے ماتحت ریگولیٹ کی جاتی ہیں۔”

وزیر قانون نے سپریم کورٹ کے آرڈر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سزا یافتہ قیدی پارٹی سربراہ نہیں رہ سکتا اور جب بار بار قواعد کی خلاف ورزی ہو تو قانون اپنا راستہ لے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کل بار بار بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی باتوں کو پبلک کیا جا رہا ہے، تاہم قوانین کے مطابق سب کچھ منظم طریقے سے چل رہا ہے۔

مزیدخبریں