سعودی عرب اور یواے ای نے پاکستان کی امداد بحال رکھی ہے ،ذرائع

سعودی عرب اور یواے ای نے پاکستان کی امداد بحال رکھی ہے ،ذرائع
سورس: File photo

اسلام آباد، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لئے دو ارب ڈالر امداد بحال کردی ۔ 

ذرائع کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے قرض کی مد میں پاکستان کو دی گئی 2 ارب ڈالرز کی امداد برقرار رکھتے ہوئے رقم ابھی تک واپس نہیں لی  ۔

حکومتی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے ایک ارب ڈالرز کی رقم پاکستان کے پاس ہی رکھی ہوئی ہے جب کہ متحدہ عرب امارات نے ایک ارب ڈالرز کی امدادی رقم آئندہ سال کے لیے بھی پاکستانی بینک میں برقرار رکھنے کی تصدیق کردی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات کا یہ اقدام  پاکستان کے ساتھ سرد مہری کے شکار تعلقات میں بہتری کی جانب اہم قدم ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2018 کے آخر میں پاکستان کو مالی مشکلات سے نکالنے کے لیے 3 ارب ڈالرز کی امدادی رقم دی تھی تاہم تعلقات میں سرد مہری کے باعث سعودی عرب نے 2 ارب ڈالرز واپس مانگ لیے تھے جس پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آئل کی قیمتوں میں کمی کے باعث سعودی عرب نے رقم واپس مانگی ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں جمی برف پگھلنے کے بعد اس بات کا بھی امکان ہے کہ شاید سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو تیل کی ادائیگیوں میں دیا جانے والا 3.2 بلین ڈالر کے ریلیف سے متعلق نظر ثانی کی جائی گی تاہم حکومتی عہدیدار نے اس حوالے سے بات چیت کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے اپنی بقایا رقم مانگے جانے کے بعد پاکستان نے چین سے مدد مانگتے ہوئے سعودی عرب کو دینے کے لیے قرض کی ادائیگی کا بندوبست کرلیا تھا ۔