اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں جو ہو رہا ہے خدا جانے وہ کس کے مفاد میں ہو رہا ہے، معلوم نہیں مستقبل میں پاکستان کو آزاد ریاست کہا بھی جائے گا یا نہیں۔
تفصیلات کے مطابق (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنماءعامر خان اور سابق میئر کراچی وسیم اختر پر مشتمل وفد مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچا جہاں مولانا اسد محمود اور سنیٹر کامران مرتضی نے ان کا استقبال کیا۔
جے یو آئی کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی جبکہ ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ کے بلدیاتی قانون اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کی صورتحال پر مولانا فضل الرحمن سے گفتگو کی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے معاملے میں بہترین رہنمائی فراہم کرتا ہے اور آئین سے متصادم قانون سازی کا حق کسی صوبے کو نہیں ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں جو ہو رہا ہے خدا جانے وہ کس کے مفاد میں ہو رہا ہے، معلوم نہیں مستقبل میں پاکستان کو آزاد ریاست کہا بھی جائے گا یا نہیں؟ الیکشن کمیشن کے قوانین کی پاسداری کریں گے تو کوئی تصادم نہیں ہوگا، ہم کوئی ریلی نہیں نکال رہے۔
ملک میں جو ہو رہا ہے، خدا جانے وہ کس کے مفاد میں ہو رہا ہے: مولانا فضل الرحمان
07:47 PM, 4 Feb, 2022