گوجرانوالہ: ملازمت کا جھانسہ دے کر شہریوں سے رقم ہتھیانے والے دو ملزمان گرفتار

04:31 PM, 4 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

گوجرانوالہ:وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر شہریوں سے رقم ہتھیانے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے کے مطابق، ملزمان کی شناخت عاشق حسین اور محمد اظہر کے نام سے ہوئی ہے، جو سادہ لوح شہریوں سے ویزا فراڈ کر کے رقم بٹورنے میں ملوث تھے۔ دونوں ملزمان کو گجرات میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ ملزم عاشق حسین نے ایک شہری کو اٹلی میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 25 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ اس کے خلاف 2024 میں کمپوزٹ سرکل گوجرانوالہ میں مقدمہ درج تھا۔ دوسری جانب، ملزم محمد اظہر نے متعدد شہریوں کو یونان بھجوانے کے لیے 34 لاکھ 70 ہزار روپے بٹورے۔

ایف آئی اے کے مطابق، دونوں ملزمان اپنے وعدوں کے مطابق شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور بھاری رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہوگئے تھے۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے تاکہ مزید حقائق سامنے آ سکیں۔

مزیدخبریں