واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور اُمید ہے کہ یہ مذاکرات کامیاب ہوں گے۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ بات چیت سے متعلق سوال پر کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور ایران کسی پیش رفت کی خواہش ظاہر کرتا ہے، تاہم یہ دیکھنا ہوگا کہ آیا واقعی کوئی نتیجہ نکلتا ہے یا نہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگرچہ وہ ایران کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں، لیکن انہیں ابھی تک یہ معلوم نہیں کہ اگلی ملاقات کہاں ہوگی۔ ایک موقع پر ٹرمپ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ ماضی میں ایران کو مذاکرات کا موقع دیا گیا تھا، مگر وہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئے، جس کے بعد امریکا نے "آپریشن مڈ نائٹ ہیمر" کیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ایران دوبارہ ایسی کارروائی کی خواہش کرے گا۔
گذشتہ روز بھی وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران، ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے کہا تھا کہ وینزویلا بھیجے گئے امریکی بیڑے سے بھی بڑا بحری بیڑہ ایران کی جانب گامزن ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ طے پا گیا تو یہ بہتر ہوگا، لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو اس کے "بہت برے نتائج" سامنے آ سکتے ہیں۔